شیخوپورہ /لاہور( این این آئی)مذہبی جماعت کے مشتعل کارکنوں کے تشدد سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف ساتھیوں سمیت زخمی ہوگئے، پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور ساتھی اراکین اسمبلی نے ٹیلیفون کر کے خیریت دریافت کی ۔بتایا گیا ہے کہ مذہبی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے بتی چوک پر دھرنا دیا گیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام معطل ہو کر رہ گیا جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں معطل ہوگئیں بلکہ لوگوں کو اپنی تقریبات بھی ملتوی کرنا پڑیں۔مسلم لیگ (ن) کے رکن
قومی اسمبلی جاوید لطیف بتی چوک پر دھرنے پر بیٹھے مظاہرین سے مذاکرات کے لئے پہنچے تاہم مشتعل افراد نے ان پر حملہ کردیا جس سے وہ اور ان کے ساتھی زخمی ہوگئے۔ لیگی کارکن بڑی مشکل سے رکن قومی اسمبلی کوبڑی سے نکال کر لے جانے میں کامیاب ہو گئے جنہیں بعدا زاں ریسکیو 1122 نے طبی امداد دی ۔ میاں جاوید لطیف کے سر پر چوٹیں آئی ہیں ۔ زخمی ہونے کی اطلاع ملنے پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں اور ساتھی اراکین نے میاں جاوید لطیف کو ٹیلیفون کر کے ان کی خیریت دریافت کی ۔