لاہور( این این آئی)فیض آباد دھرنے کیخلا ف انتظامیہ کے آپریشن کے بعد مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باعث نئے بننے والے بیجنگ انڈر پاس کی افتتاحی تقریب ملتوی کر دی گئی ،وزیر اعلیٰ شہباز شریف کڈنی اینڈ لیو ر ٹرانسپلانٹ کا دورہ بھی نہ کر سکے ،
عوام نے بھی احتجاجی مظاہروں کے باعث اپنے معمول کی سر گرمیاں معطل کر دیں۔تفصیلات کے مطابق فیض آباد دھرنے کیخلاف انتظامیہ کے آپریشن کے بعد مذہبی جماعت کے کارکن باہر نکل آئے جنہوں نے رکاوٹیں کھڑ کر کے اور ٹائروں کو آگ جلا کر شاہراہوں کو بلاک کر دیا ۔ مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں کے باعث سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آمد نہ ہو سکی جس کی وجہ سے بیجنگ انڈر پاس کی افتتاحی تقریب ملتوی کر دی گئی ۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ کا دورہ بھی نہ کر سکے ۔ علاوہ ازیں خوف و ہراس کی وجہ سے عوام نے اپنے معمولات کی تمام سر گرمیاں معطل کر دیں اور لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو گئے ۔ ہفتہ کا دن ہونے کے باعث مختلف مقامات پر شادی کی تقریبات بھی تاخیر کا شکار ہو گئیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری طرف احتجاج کے باعث شاہ عالم مارکیٹ، ہال روڈ اور مال روڈ پر کاروبار بند کر دیا گیا اور تاجر اور عملہ گھروں کو واپس روانہ ہو گئے جبکہ دیگر مقامات پر بھی احتجاج کے باعث بھی تاجروں نے کاروبار بند رکھا ۔