اسلا م آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے فیض آباد دھرنے کے شرکا کورات 12بجے تک کی آخری ڈیڈ لائن دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق اسلا م آباد میں فیض آباد میں جاری دھرنا انیسویں روز میں داخل ہو چکا ہے،دھرنا مظاہرین اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں جبکہ حکومت ان کے مطالبات ماننے سے مسلسل انکاری ہے۔اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی کثیر تعداد بھی دھرنا مظاہرین کے گردموجود ہے نہ صرف پولیس موجودہے بلکہ ایف سی کے اہلکار بھی وہاں موجود ہیں اس کے علاوہ دھرنا مظاہرین نے
بھی ممکنہ آپریشن سے نمٹنے کے لیے اپنے پاس ڈنڈے اور پتھر جمع کر رکھے ہیں۔تازہ ترین صورتحال کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے فیض آباد دھرنے کے شرکا کورات 12بجے تک فیض آباد خالی کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ دھرنے کے شرکاء گزشتہ اٹھارہ روز سے یہاں موجود ہیں اور اس سے قبل انہیں تین بار فیض آباد خالی کرنے کا نوٹس جاری کر چکے ہیں مگر انہوں نے اس نظرانداز کیا لیکن اب ڈیڈ لائن گزر جانے کے بعد مظاہرین سے سختی سے نمٹا جائے گا۔