اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر وزیر داخلہ احسان اقبال اور سیکرٹری داخلہ کو آج ساڑھے 11 بجے طلب کرلیاگیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اسلام آباد میں فیص آباد انٹرچینج کے مقام پر جاری دھرنے کے خلاف
دائر درخواست کی سماعت کی۔اس موقع پر فاضل جج نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ عدالتی فیصلے پر عملکیوں نہیں ہوا،جس پر ابھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہیں۔جج شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ دھرنے کے مسئلے پر قانون نافذ کرنے کا مسئلہ ہے، تمام شہریوں کے حقوق کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، 4 سے 5 ہزار لوگ لاکھوں افراد کے حقوق سلب کرلیں گے، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور سیکرٹری داخلہ کو آج ساڑھے گیارہ بجے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کو راستے کلیئر کرنے کا حکم دیا تھا جس کی رپورٹ ہفتہ کو جمع کرائی جانی تھی لیکن تاحال دو دن گزرنے کے باوجود معاملے پر کوئی پیشرفت سامنے نہیں آسکی۔ فریقین اپنے اپنے موقف پر سختی سے ڈٹے ہوئے ہیں ۔