اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر میر حاصل بزنجو نے انکشاف کیا ہے کہ تربت میں دہشت گردوں نے بس میں سوار 40 افراد کو اغوا کیا تھا، جن میں سے 20 تاحال ان کے قبضے میں ہیں۔ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ ان 40 افراد میں سے 20 وہی تھے جن کی لاشیں حال ہی میں تربت سے ملی تھیں۔انھوں نے کہا کہ ابھی باقی 20 افراد کے بارے میں کچھ کہا
نہیں جاسکتا تاہم ان کی لاشیں نہیں ملیں لہذا ہمارا اندازہ یہی ہے کہ وہ زندہ ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت بلوچستان میں صورتحال بہت خطرناک ہے اور جو کچھ میں بتا رہا ہوں وہ سرکاری نہیں بلکہ میری اپنی ذاتی معلومات ہیں، میں دعا کرتا ہوں وہ باقی لوگ بھی زندہ ہوں۔اس سوال پر کہ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو پھر ان اغوا کاروں سے باقی 20 افراد کو بازیاب کروانے کیلئے اقدامات کیوں نہیں کیے جارہے ؟ تو وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بہت ابتدائی معلومات ہیں کیونکہ یہ اغوا کار کسی شہر میں نہیں ہیں جہاں پر ان تک رسائی ممکن بنائی جاسکے۔