اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسحاق ڈار کے استعفیٰ کے بعد وزارت خزانہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہی رہے گا جبکہ وزارت خزانہ کے معاملات ماہرین کی ٹیم چلائے گی جس کی قیادت وزیراعظم کےمشیر مفتاح اسماعیل اور ڈاکٹر عشرت کرینگے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے استعفیٰ کے بعد جہاں سیاسی ہلچل میں اضافہ ہوا ہے وہیں ن لیگ کی وفاقی حکومت کی بھی مشکلات بڑھی ہیں۔ مشکل حالات میں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے شاہد خاقان اس وقت
مزید بوجھ کا شکار ہوئے ہیں جب اسحاق ڈار نے بیرون ملک سے ہی استعفیٰ دیدیا ہے۔ اس صورتحال میں شاہد خاقان عباسی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ وزارت خزانہ کا قلمدان اپنے پاس ہی رکھیں گے جبکہ وزارت خزانہ کے معاملات ٹینکو کریٹس یعنی ماہرین کی ایک ٹیم چلائے گی جس کی قیادت وزیراعظم کے مشیر مفتاح اسماعیل اور ڈاکٹر عشرت کرینگے۔ اسحاق ڈار کے استعفیٰ کو قبول کرنے کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نواز شریف سے مشورے کے بعد کوئی قدم اٹھائیں گے۔