اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایس ایس پی آپریشن کی درخواست پر رینجرز طلب، ایس ایس پی آپریشنز نے ڈپٹی کمشنر کو رینجرز کی طلبی کی درخواست کی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر نے رینجرز کے سیکٹر کمانڈر سے نفری طلب کر لی ہے ،آپریشن کے دوران رینجرز کے ایک ہزار اہلکار پولیس کی معاونت کریں گے، رینجرز کے جوانوں کو پولیس اور ایف سی کے ہمراہ مختلف جگہوں پر تعینات کیا جائے گا۔ دریں اثناء اس سے قبل اسلام آباد انتظامیہ نے ممکنہ آپریشن کے پیش نظر اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں
کو تاحکم ثانی ایمرجنسی کی ہدایت کی ہے ، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف ہر وقت موجود رہے گا، اس کے علاوہ سی ڈی اے سے فائر بریگیڈ، ایمبولینس واٹر ٹینکرز بھی منگوائے لیے گئے ہیں۔دوسری طرف تحریک لبیک والے دھرنا ختم نہیں کرنا چاہتے اور ان کی تعداد میں بھی پہلے کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ عدالت کے حکم پر صبح دس بجے تک فیض آباد خالی کرانا چاہتی ہے اسی لیے پولیس اور ایف سی کی معاونت کے لیے ایک ہزار رینجرز اہلکار طلب کر لیے گئے ہیں۔