اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری، آزادکشمیر کے فارورڈ کہوٹہ سیکٹر میں شہری آبادی پر فائرنگ، ایک شہری شہید، پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی، دشمن کی متعدد
چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے بزدل فوج کی گنیں خاموش کرادیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی فوج کی جانب سے آزادکشمیر کے فارورڈ کہوٹہ سیکٹر کے علاقے نیزہ پیر اور دیگر قریبی علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئےشدید فائرنگ اور گولہ باری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے جوابی کارروائی میں دشمن کی متعدد چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے بعد دشمن کی گنیں خاموش ہو گئی ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے فارورڈ کہوٹہ سیکٹر پر کئی دنوں سے شہری آبادی پر گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چند دن قبل وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے فارورڈ کہوٹہ سیکٹر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہیں ایل او سی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی تھی۔