اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ و سابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر انتخابی اصلاحات بل میں ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کرنے کی انکوائری کیلئے قائم کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی جو پارٹی صدر کو دے دی گئی ہے جبکہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس وزیر داخلہ احسن اقبال کی امریکہ سے وطن واپسی پر ہو گا، جس میں وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان کو بھی طلب کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی نے پہلے اجلاس میں وزیر قانون زاہد حامد اور وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر ظفر اللہ کا تفصیلی بیان قلمبند کیا اور انتخابی اصلاحات بل پر ہونے والے اجلاسوں کی کارروائی کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی کی۔ کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ارسال کر دی جبکہ کمیٹی کا دوسرا اجلاس وزیر داخلہ احسن اقبال کی امریکہ سے وطن واپسی پر ہو گا۔ کمیٹی دوسرے اجلاس میں وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان کو بلانے پر غور کر رہی ہے کیونکہ انتخابی اصلاحات بل کی تیاری کے دوران انوشہ رحمان وزیر قانون زاہد حامد کی معاونت کرتی رہی ہیں، جبکہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں انتخابی اصلاحات بل پرقائم کمیٹی کا ریکارڈ بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں قائم تین رکنی کمیٹی انکوائری مکمل کر کے پارٹی قائد نواز شریف کو رپورٹ دے گی۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس وزیر داخلہ احسن اقبال کی امریکہ سے وطن واپسی پر ہو گا، جس میں وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان کو بھی طلب کئے جانے کا امکان ہے