اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)داماد کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ ۔نجی ٹی وی کے مطابق لندن فلیٹس کیس میں پیشی کےلئے مریم نواز اور اور ان کے شوہر کیپٹن(ر) صفدر رات گئے وطن پہنچے تو نیب کی ٹیم نے کیپٹن صفدر کو گرفتار کر لیا جس پر نوازشریف نے مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا،
اس موقع پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب میں پیشی کیلئے وطن واپسی کے باوجود ایئرپورٹ سے گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، تاہم تمام تر تحفظات کے باوجود عدالتوں میں پیش ہوں گے۔ اس سے پہلے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے احتساب نہیں انتقام ہو رہا ہے ،ہم عدالتوں میں پیش ہوں گے اور نظام عدل کو آزمائیں گے۔پاکستان روانگی سے قبل لندن میں اپنی رہائشگاہ سے ایئرپورٹ روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب کسی کا دامن صاف ہوتا ہے تو وہ عدالتوں سے گھبراتا نہیں ہے اور ہم صرف عدالتوں میں پیش ہونے کے لیے ہی پاکستان واپس جارہے ہیں۔ اپنے بھائی حسن نواز اور حسین نواز کی احتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے اپنی وطن واپسی کا فیصلہ دونوں خود کریں گے۔پاناما کیس پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے جو معاملات چل رہے تھے وہ پوری قوم کے سامنے آگئے ہیں جبکہ نواز شریف کی وزارت عظمی کے عہدے سے نااہلی کے بعد ہرچیز کا محور ابھی بھی وہی ہے۔مسلم لیگ (ن)کی صدارت کے لیے نواز شریف کے انتخاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے لیکن اس بات پر انتہائی تعجب ہو رہا ہے کہ (ن) لیگ کے صدر کے انتخاب پر وہ لوگ اعتراض اٹھا رہے ہیں جن کا اس معاملے سے کوئی تعلق ہی نہیں۔اپنی مرضی کا صدر منتخب کرنا مسلم لیگ (ن)کا جمہوری حق ہے۔مریم نواز نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہورہا ہے، تاہم جمہوری حکومت ایک اور مرتبہ اپنی مدت پوری کرے گی۔