اسلام آباد(این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے نہ عوام نے قبول کیا اور نہ ہی تاریخ اسے قبول کریگی ٗ وہ محمد نواز شریف ہی کے ایجنڈے کو آگے لیکر چلیں گے ۔اتوار کو مسلم لیگ (ن)کے نامزد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن سے ملاقات کی
جس میں موجودہ صورتحال سمیت نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نامزد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کردیا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ (ن )لیگ نے انہیں امیدوار نامزد کیا ہے اور وہ محمد نواز شریف ہی کے ایجنڈے کو آگے لیکر چلیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی رنفرنس سے نہیں ڈرتے، جو چاہے ان کے خلاف ریفرنس دائر کرلے۔ایک سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ چوہدری نثار علی خان پارٹی کے اہم رکن ہیں ٗ تھے اور رہیں گے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ عوام مجھے عرصے سے منتخب کرتے چلے آرہے ہیں الزام لگا والے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہماری حمایت کررہے ہیں اور دیگر جماعتوں سے رابطے میں ان کی پارٹی کی مدد کریں گے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہمارے پرانے ساتھی ہیں اور مسلم لیگ ن نے ان کو امیدوار نامزد کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی نے کسی فرد کا نہیں بلکہ ملک کا ساتھ دیا ہے۔