اسلام آباد(آئی این پی )انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی ۔ پولیس کی جانب سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان اور سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ جمع نہ کرائی جاسکی۔ عدالت نے تعمیلی رپورٹ جمع نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان اور طاہر القادری سمیت 70 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے انھیں 17 نومبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم سنا یا۔ دوسری جانب 6 حاضر ملزمان کو عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے کیس کی سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔