اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا بینکاری نظام متحرک ہے،اس شعبے نے ترقی کی ہے جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار بھی بینکنگ کے شعبے میں دلچسپی لے رہے ہیں،پاکستان نے چائنہ ڈویلپمنٹ بینکنگ کے ساتھ70کروڑ ڈالر کا مالیاتی معاہدہ کیا ،بینک آف چائنہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین تیئنگولی نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ،پاکستان کا مالیاتی شعبہ عالمی سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔بدھ کو وزیراعظم نوازشریف سے بینک آف چائنہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین تیئنگولی نے ملاقات کی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی آزمودہ دوستی باہمی اصولوں اور مفادات پر مبنی ہے،دونوں ملکوں کے تعلقات مختلف شعبوں میں تعاون کی بنیادوں پر قائم ہیں،پاکستان اور چین کا مستقبل مشترک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی،تجارت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں چین کا اہم کردار ہے۔اقتصادی راہداری چین کا کسی بھی دوسرے ملک کیساتھ سب سے بڑا جامع منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ مختلف منصوبوں کا مجموعہ ہے،یہ منصوبہ دونوں ملکوں اور خطے کے عوام کی خوشحالی کا ضامن ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا بینکاری نظام متحرک ہے اور اس میں ترقی بھی ہوئی ہے،گذشتہ پانچ سال میں بینکنگ کے شعبے کی شرح نمو متاثر کن رہی ہے، بینکنگ کے شعبے نے عالمی معیار اور سرمایہ کاروں کیلئے مسابقتی فضاء قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بینکنگ میں ترقی کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار اس شعبے میں دلچسپی لے رہے ہیں،پاکستان نے چائنہ ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ 70کروڑ ڈالر کا مالیاتی معاہدہ کیا ہے۔بینک آف چائنہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین تیئنگولی نے پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے وزیراعظم کے وژن کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے،پاکستان کا مالیاتی شعبہ عالمی سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔تیئنگولی نے کہا کہ اقتصادی راہداری پاکستان کے عوام اور خطے کیلئے معاشی فوائد لائے گا۔