اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے ایف سی ایریا کے علاقے میں قائم امام بار گاہ کے قریب دھماکے میں دو افراد جاں بحق، جب کہ دس زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق فیڈرل کیپٹل ایریا (ایف سی ایریا) میں واقع درِ عباس امام بار گاہ کے قریب زور دار دھماکا ہوا، دھماکے میں دو افراد جاں بحق، جب کہ دس زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکے میں ایک بچہ اور خاتون شامل ہیں، جب کہ زخمی ہونے والوں میں بھی بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، امدادی ٹیموں کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دہشت گردوں نے بم سے حملہ مجلس کے اختتام پر گھر جانے والی خواتین پر کیا گیا، جس سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ دھماکا دیسی ساختہ بم سے کیا گیا، دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار تھے، جو لوگوں پر بم پھینک کر فرار ہوگئے۔حملے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے ۔