اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت داخلہ نے ڈان کے رپورٹر سیرل المیڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کاا علان کردیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انگریزی اخبار ڈان کے رپورٹر سیرل المیڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، یہ فیصلہ وزارت داخلہ میں چوہدری نثار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے اعلان سے قبل سی پی این ای اور اے پی این ایس کے عہدیداروں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید سے ملاقات کی، جس کے بعد سیرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پریس انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین بھی شریک تھے، جب کہ اے پی این ایس اور سی پی این ای کی جانب سے سینیر مجیب الرحمان شامی، سرمد علی، عارف نظامی، ضیاء شاہد اور عمر شامی نے وفد کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر پرویز رشید نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیرل المیدا کا نام فوری طور پر ای سی ایل سے نکالا جائے،اجلاس میں وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات و نشریات نے اس بات کا یقین دلایا کہ حکومت کسی صحافی اور اخبار پر کسی قسم کی پابندی لگانے کے حق میں نہیں۔واضح رہے کہ آرمی چیف اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی حساس نوعیت کی ملاقات سے متعلق انگریزی اخبار ڈان میں رپورٹر سیرل المیڈا حساس نوعیت کی باتیں ملاقات سے منسلک کرکے شائع کی تھیں