اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ اڑی حملہ بھارت نے خود کرایا کیونکہ بھارت اس حملے سے 2فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے ، ایک کشمیر کے حالات سے عالمی توجہ ہٹانا اور دوسرا کشمیر میں غیر ملکی مداخلت کا واویلا کرنا چاہتا ہے مگر ہم بھارت کو اس کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ وہ اتوار کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اڑی حملہ بھارت نے خود کرایا کیونکہ اس حملے کا سہارا لیکر بھارت دنیا کی توجہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے اور کشمیر میں غیر ملکی مداخلت کا واویلا کرنا چاہتا ہے ۔ طارق فاطمی نے کہا کہ فوجی قیادت نے دفاعی تیاریوں سے حکومت کو آگاہ کر دیا ہے مگر امریکہ سمیت دیگر قوتیں کشیدگی روکنے کے لئے متحرک ہیں ، جنگ کا امکان نہیں ہے مگر پھر بھی ہم پوری طرح تیار ہیں اور بھارتی مہم جوئی روکنے کے لئے ہماری صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سارک کو سبوتاژ کیا ہے مگر اگر سندھ طاس معاہدہ منسوخ ہوا تو ہم کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ،ا س معاہدے میں امریکہ کا بھی کردار ہے ۔ معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ تجارت میں پسندیدہ ملک کا درجہ دینا بھارت کی خواہش تھی ۔