اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اپیکس کمیٹی سندھ کے اجلاس میں ڈی جی رینجر زسندھ میجر جنرل بلال اکبر نے تجویز دی ہے کہ سندھ میں کوٹا سسٹم کو ختم کیا جائے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کی رجسٹریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، تمام جماعتوں کے غیرقانونی دفاتر گرائے جائیں گے۔ ہنگاموں اور فسادات کو روکنے کے لئے ایک خصوصی فورس (Anti Riots Force) تشکیل دی جائے گی۔ سندھ پولیس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ونگ قائم کیا جائے گا۔ گاڑیوں کی نئی نمبر پلیٹس متعارف کرائی جائیں گی، جن میں ٹریکنگ سسٹم سمیت دیگر سیکورٹی خصوصیات موجود ہوں گی۔ اسلحے کی نمائش پر سخت کارروائی کی جائے گی۔