اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کے بیان نے تہلکہ مچا دیا۔ تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے انکشاف کیا کہ مجھ سے غیر قانونی کام کروانے کیلئے ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول نے مجھے مرسڈیز گاڑی اور قیمتی کپڑے بوسکی تھانوں کی پیشکش کی تھی جو کہ میں نے اسی وقت مسترد کر دی۔ اسی وجہ سے ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول معطل ہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کے اجلاس میں وفاقی وزیر کے انکشاف سے کمیٹی اراکین دنگ رہ گئے، قائمہ کمیٹی کے اراکین کا کہنا تھا کہ نظام کو مافیا نے چاروں طرف سے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے لیکن قانون اپنا راستہ بنا لے گا۔وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے قائمہ کمیٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 104 ادویات کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے۔