لکھنو(نیوز ڈیسک ) معروف پاکستانی گلوکار غلام علی نے ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی دھمکیوں کے باوجود بھارت کے شہر لکھنو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ،تقریب کے شرکاء غلام علی کی غزلوں پر جھوم اٹھے ،ریاستی گورنر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اتوارکو بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کی دھمکیوں کے باوجود معروف پاکستانی گلوکار غلام علی نے لکھنو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ،تقریب پرامن طریقے سے منعقد ہوئی جس میں اتر پردیش کے گورنر رام نائیک بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سیکورٹی کے مناسب انتطامات کیے گئے تھے ۔ تقریب میں موجود سامعین غلام علی کی غزلوں پر جھومتے رہے اور انہیں بھرپور داد دی۔ اس موقع پر غلام علی کا کہنا تھا کہ ممبئی میں شیو سینا کی وجہ سے شو منسوخ ہونے پر میں ناراض نہیں ہوں ۔ میں ان لوگوں سے پیار کرتا ہوں ۔ میں جانتا ہوں کہ پیار خیالات کو تبدیل کر سکتا ہے ۔ اس موقع پر اتر پردیش کے گورنر رام نائیک بھی موجود تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ موسیقی کسی ملک کے لئے مخصوص نہیں ہے یہ ایکیکساں طاقت ہے ، موسیقی ایک عالمی زبان ہے جو دلوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ اس سے قبل لکھنو پولیس نے یقین دہانی کرائی تھی کہ غلام علی کی تقریب کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ ہندو انتہاء پسند تنظیم شیو سینا نے پاکستانی گلوکار غلام علی کو لکھنو میں پرفارم کرنے سے روکنے کی دھمکی دی تھی ۔