اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات کیے جائیں، لازمی سروس ایکٹ ختم کیا جائے اور پی آئی اے ملازمین پر فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کے باہر احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف فوری طور پر پی آئی اے ملازمین کے ساتھ مذاکرات کریں تاکہ مسافروں کی پریشانی ختم ہوسکے۔ دوسرا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جو فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کرے اور ملازمین کے قاتلوں کو پکڑے۔ تیسرا مطالبہ کر تے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بندوق اور لازمی سروس ایکٹ کی تلوار لٹکا کر مذاکرات نہیں کیے جاسکتے، پی آئی اے سے لازمی سروس ایکٹ فوری طور پر اٹھایا جائے۔اس موقع پر عمران خان نے جاں بحق ہونے والے پی آئی اے ملازمین کیلئے فاتحہ بھی پڑھی۔