کراچی(نیوز ڈیسک) قومی ایئر لائن کی نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاج کے بارہویں روز ملازمین کے اہل خانہ اور انکے بچوں نے بھی شرکت کی، ملازمین کے اہلخانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انکے چولہوں کو ٹھنڈا نہ کیا جائے اور پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے۔پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کے بارہویں روز ملازمین کے اہلخانہ بھی دھرنا دینے پہنچ گئے۔ احتجاج میں خواتین اور بچے بھی پی آئی اے نجکاری کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ بچوں کا کہنا تھا کہ اگر پی آئی اے کی نجکاری ہو گئی تو ان کا مستقبل بھی تاریک ہو جائے گا۔خواتین کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے کی نجکاری ہوتی ہے تو اسکے ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا جاتا ہے۔ حکومت ان پر یہ ظلم نہ کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جن سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو جائیں۔احتجاج کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ صبح سے ہی اپنے بچوں کے ہمراہ اس آس پر پی آئی اے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دئیے بیٹھے رہے کہ شاید حکومت کو ان معصوم بچوں پر ہی رحم آ جائے۔