اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح کیا ہے کہ کسی کو پی آئی اے کے مسئلے کو سیاسی مفادات کیلئے ہوا دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے احتجاج کرنے والے ملازمین حکومت اور پوری قوم کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے کو ہر مہینے اربوں روپے مالیت کا امدادی پیکیج دیا جارہا ہے اور پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال سے عام لوگ متاثر ہورہے ہیں ٗانہوں نے کہا کہ حکومت تزویراتی شراکت داری کے ذریعے پی آئی اے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے اس کے بعض حصص فروخت کررہی ہے جوقوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ حکومت نجکاری کے عمل کوروکنے کے سلسلے میں کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور کسی کو بھی اس مسئلے کو سیاسی مفاد ات کے لیے ہوا دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔