اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نجکاری کسی مسئلے کا حل نہیں، پی آئی اے ملازمین سے اظہار یکجہتی کیلئے ہفتے کو کراچی جاﺅنگا اور ہر فورم پر آواز بلند کی جائیگی، میاں نواز شریف باہر پڑے اپنے اربوں روپے واپس لے آئیں تو ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں پڑےگی، قرضوں کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے۔ عمران خان جمعرات کو پی آئی اے ملازمین کے دھرنے میں اظہار یکجہتی کیلئے پہنچے اس موقع پر پی آئی اے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پی آئی اے ملازمین کےساتھ ہے، ہر فورم پر آواز بلند کی جائیگی، ملازمین سے اظہار یکجہتی کیلئے ہفتے کو کراچی جاﺅنگا وہاں بھی ان کےساتھ کھڑا ہونگا، انہوں نے کہا کہ نجکاری کسی مسئلے کا حل نہیں ہے ، حکومت کو پی آئی اے ملازمین کو جواب دینا ہوگا ، حکومت نے اچانک لازمی سروس ایکٹ لگا دیا ہے جس طرح حکومت نے بجلی ، گیس ڈیزل اور پٹرول پر ٹیکس لگایا ہے اور قرضوں پر قرضے لے رہی ہے اور اس کا تمام بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا کام ہے کہ انہوں نے اپنی قسطیں واپس لینی ہیں وہ یہ نہیں کہتی کہ ایسا کریں وہ کہتی ہے کہ ہمیں پیسے واپس چاہئیں۔ پیسہ اکٹھا کرنے کیلئے عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے اگر اکٹھا کرنا ہے تو امیر لوگ بیٹھے ہیں ، نادرا کے پاس ریکارڈ ہے 30 سے 33 لاکھ لوگ ایسے ہیں جو بڑے بڑے گھروں میں رہتے ہیں اور ان کے پاس بڑی بڑی گاڑیاں ہیں ان سے ٹیکس اکٹھا کیا جائے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے خاندان کے اربوں روپے پاکستان سے باہر ہیں اگر وہ یہی پیسہ لے آئیں تو حکومت کو ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔