اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ انڈر ورلڈ ڈان داﺅد ابراہیم پاکستان میں موجود نہیں ہیں ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے تین روز قبل پاکستانی ویزے کے حصول کیلئے بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سے ملاقات کی تھی جبکہ اجازت دینے کے باوجود انہوں نے آنے سے انکار کر دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بنگلادیش کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اور بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر کو دو طرفہ امور پر بات چیت کیلئے طلب کیا گیا تھا ۔ افغانستان کے امن کے متعلق انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چار ملکی مذاکرات چھ فروری کو اسلام آباد میں ہونگے ۔