لاہور(نیوزڈیسک) عمران خان نے بنگلا دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کو خط لکھا ہے جس میں ان کی حکومت سے پھانسی کے ریاستی قوانین سے متعلق آگاہ کرنے کا کہا گیا ہے. تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے بنگلا دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد کو جماعت اسلامی کے رہنما صلاح الدین قادر کی پھانسی سے قبل 21 نومبر کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بنگلا دیش کی حکومت پھانسی کے ریاستی قوانین سے متعلق آگاہ کرے اور صلاح الدین کی سزا پر عمل درآمد روکا جائے۔ عمران خان نے خط میں بنگلا دیشی وزیر اعظم سے اپیل بھی کی تھی کہ جماعت اسلامی کے رہنما صلاح الدین قادر کو معاف کر دیا جائے کیونکہ صلاح الدین قادر کی سزا پر عمل درآمد کا رکنا خطہ میں پائیدار امن کا ضامن ہوسکتا ہے۔عمران خان کا خط میں مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے رہنما صلاح الدین کا کسی بھی طرح کے جرائم سے کوئی تعلق نہیں تھا، وہ علیحدگی کی تحریک کے وقت پنجاب یونیورسٹی لاہور کے طالبعلم تھے اور ان کی بے گناہی کے لاتعداد ثبوت بھی موجود ہیں۔