پشاور(نیوز ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مستحق افراد کو ہر صورت امداد پہنچائی جائے۔ جاں بحق افرد کے ورثا اور زخمیوں کی مالی امداد میں اضافہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا خیبر پختونخوا حکومت کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ نوازشریف کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے گورنر ہاوس میں زلزلہ کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبر پختونخوا اور وزیراعلی سمیت کور کمانڈر پشاور بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پی ڈی ایم اے نے زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی۔ نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم خیبر پختونخوا کے وزیراعلی پرویز خٹک کی مشاورت سے زلزلے متاثرین کے لئے امدادی پیکج کا اعلان کریں گے۔ نوازشریف کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے زلزلہ سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم یہاں سے چترال جائیں گے جہاں وہ زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ زلزلہ متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔ بریفنگ میں نوازشریف کو بتایا گیا ہے کہ کے پی کے میں زلزہ سے 222 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 1688 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 8453 مکانات کو نقصان پہنچا ہے















































