اسلا م آباد(نیوزڈیسک)وزارت داخلہ نے پشاورواقعہ میں ملوث دہشتگردوں کے کوائف افشاءکرنے پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔اتوارکو ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پشاور واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کے کوائف افشا کرنے پر وزیر داخلہ نے سخت برہمی کااظہارکیا اورفوری طورپرتحقیقات کا حکم دیدیاہے۔بیان کے مطابق ان دہشتگردوں کی نشاندہی وقوعہ کے روز ہی ہوگئی تھی لیکن معاملے کی حساسیت کے پیش نظر یہ تفصیلات دانستہ ظاہر نہیں کی گئیں۔وزارت داخلہ نے کہاکہ ریکارڈ اور شواہد کے مطابق آٹھ دہشتگرد پاکستانی نہیں لگتے جن کی صحیح شناخت اور شہریت کا تعین کرنے کے لئے ابھی مزید وقت درکار ہے۔ترجمان نے کہا کہ لگتا ہے کہ بعض اداروں کے درمیان اس معلومات کی شیئرنگ اسکی قبل از وقت تشہیر کا باعث بنی جو کسی صورت میں بھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے کہاکہ اس مرحلے پر واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے کوائف ظاہر کرنے سے تفتیش پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔