بیجنگ(آن لائن) چین نے پشاور میں پاک فضائیہ بڈھ بیر کیمپ پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور افواج قومی سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،مشکل کی اس گھڑی میں چینی حکومت اور عوام پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اتوار کے روز جاری بیان میں پشاور میں پاک فضائیہ کے بڈھ بیر کیمپ پر حملے کی مذمت کی ہے اور حملے میں شہید ہونے والے کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ چین پاکستان سمیت خطے میں ہونے والی ہر قسم کی دہشتگردی کی کارروائی کی مذمت کرتا ہے۔ چینی عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی جاری کوششوں کی حمایت کرتے ہیں خطے میں امن کے لئے پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے تک پاکستانی حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے جس طرح دہشت گردی کے حملے میں جوابی کارروائی کر کے ان کے عزائم کو ناکام بنایا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے اور حکومت قومی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں۔