اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف 30 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر قومی زبان اردو میں خطاب کرکے تاریخ رقم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ مقامی اخبار جنگ کے مطابق وہ پہلے عالمی رہنما ہوں گے جو عالمی ادارے میں اردو میں خطاب کریں گے۔ بطور وزیراعظم عالمی ادارے سے یہ ان کا تیسری مرتبہ خطاب ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف کو خطاب کیلئے 15 منٹ کا دورانیہ دیا گیا ہے۔ عالمی ادارے میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کے خطاب اور امریکا دورے کے موقع پر ان کی نمایاں شخصیات کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے انتظامات کر لیے ہیں۔