راولپنڈی(نیوز ڈیسک)راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو قتل کیس کا ریکارڈ ناہید خان کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا ، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ امریکی صحافی مارک سیگل یکم اکتوبر کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے دستیاب ہیں۔سماعت کے موقع پر ناہید خان عدالت میں پیش ہوئیں ، عدالت نے بینظیر قتل کیس کا ریکارڈ ناہید خان کو دینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہ ایس پی اور مقدمے کے پہلے تفتیشی افسر کی طلبی کے سمن جاری کرتے ہوئے اکیس ستمبر کو بیان قلمبند کرانے کی ہدایت کی ہے۔مقدمے کی مزید سماعت اکیس ستمبر کو ہوگی ، اس موقع پر ناہید خان نے کہا کہ وہ صفدر عباسی ، امین فہیم ،بینظیر بھٹو کے ساتھ گاڑی میں موجود تھیں۔ عدالت نے ہمارے بیانات قلمبند نہیں کیے۔الزامات کا جواب عدالت میں ہی دوں گی ، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ امریکی صحافی مارک سیگل یکم اکتوبر کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے دستیاب ہیں۔