اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب پچانوے فیصد مکمل ہوگیا ، نریندر مودی کی حکومت میں سرحدی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں ، مدرسوں کے لئے ریفارم جا رہی ہے۔کراچی میں ایک نجی یونیورسٹی کے فارن منسٹر فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب 95 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے ہیں۔ 60 ہزار پاکستانی دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں سرحدی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں گزشتہ 10 سالوں میں کافی اتارچڑھاو¿آیا ہے۔خارجہ پالیسی اندرونی حالات کے پیش نظر بنتی ہے۔ متوازن خارجہ پالیسی کیلئے ضروری ہے کہ ملک معاشی اور سیاسی سطح پرمستحکم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ روس افغانستان سے نکلا تو دنیا بھر میں اسے تنہا کر دیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان جس خطے میں ہے وہاں دوست ملک بھی ہے اور دشمن ملک بھی ہے۔ خارجہ پالیسی بناتے وقت بھارت اور افغانستان کی صورت حال کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔















































