اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ خطے کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاک افغان تعلقات بھی زیر بحث آئے۔ملاقات میں سوزن رائس کی معاونت کیلئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور امریکی قومی سلامتی کونسل کی رکن بھی سوزن رائس کے ہمراہ موجود تھے۔وزیر اعظم نواز کی معاونت کے لیے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ بھی شریک تھے۔خیال رہے کہ امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزین رائس اپنے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچی تھیں۔ذرائع کے مطابق امریکی قومی سلامتی کی مشیر اپنے دورہ پاکستان کے دوران ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال بھی شامل ہے۔