اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ میں کے الیکٹرک کی واٹربورڈ کیخلاف دائر درخواست پر وفاق نے جواب جمع کردایا ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹر ک کی نجکاری کے بعد قواعد تبدیل کرکے کمپنی کو اربوں کا فائدہ اور حکومت کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔وفاق نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کے الیکٹر ک کی اپیل مسترد کرکے ادارے پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے۔وفاق نے جواب میں مزید کہا کہ کے الیکٹرک کے ہاتھ صاف نہیں ہیں،2008ءمیں نجکاری کے بعد غیرمعمولی رعایتیں دیکرفوائدپہنچائے گئے،کمپنی نے مختلف وفاقی اداروں کے 130ارب روپے اداکرنا ہیں۔عدالت میں جمع کرائے گئے جواب کے مطابق2005ءکے بعدکے الیکٹرک کو رعایتوں سے وفاق کو تقریبا 269 ارب سے زائدکانقصان ہواجبکہ 2009ئ میں مختلف رعایتوں سے اربوں روپے کافائدہ پہنچایاگیا۔وفاقی حکومت کے مطابق کے الیکٹرک معاہدے کے تحت ذمہ داریاں اداکرنے اور صلاحیت بروئے کار لانے میںناکام رہا۔جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈکے ذمے رقم وفاق کی ذمہ داری نہیں۔