اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر اعظم نوازشریف جو سندھ اور بالخصوص کراچی میں گرمی کی لہر سے ہونے والی گیارہ سو ہلاکتوں کے عمل کاجائزہ لے رہے ہیںگرمی کے اثرات سے نمٹنے میں حکومت سندھ کی سستی سے وزیر اعظم پریشان ہیں۔ خیال ہے کہ وہ کراچی جانے سے پہلے حقائق کا پتہ چلانے کےلیے بھیجی گئی ٹیم کی رپورٹس پڑھیں گے۔ امکان ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور مسز سائرہ افضل تارڑ پر مشتمل دو رکنی غیر رسمی کمیشن آج وزیراعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گاجبکہ وفاقی سیکرٹری برائے پانی و بجلی محمد یونس ڈھگا اور چیئر مین نیپرا پیر کی صبح وزیر اعظم کو کے الیکٹرک کی سپلائی کے بارے مین وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے۔معتبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیر اعظم ہائوس محکمہ موسمیات اور موسم کے ماہرین سے بھی مسلسل رابطے میں ہے تاکہ صورتحال پر موسم کے اثرات کا جائزہ لیاجاسکے۔ وزیر اعظم حکومت سندھ کی سستی پرپریشاں ہیں جو گرمی کی موجودہ لہر کے اثرات سے لوگوں کو بچانے کےلیے کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ وزیر اعظم نے فوج اور رینجرز کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو گرمی کے اثرات سے بچانے کےلیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔