اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایم کیو ایم بھارت سکینڈل،اہم برطانوی شخصیت کی وزیرداخلہ سے ملاقات،برطانوی پولیس کو ایم کیو ایم کے رہنما کے گھر سے اسلحے کی فہرست ملی تھی- وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی جب کہ اس موقع پر ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس سمیت ایم کیو ایم سے متعلق برطانوی نشریاتی ادارے کی خبر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان عمران فاروق قتل کیس میں ہر طرح سے تعاون کرے گا تاہم اس موقع پر انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے پر نشر ہونے والی ایم کیو ایم سے متعلق خبر کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ بی بی سی پر چلنے والی خبر سے ہمیں بھی برطانیہ سے تعاون درکار ہوگا۔واضح رہے کہ بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایم کیو ایم نے بھارت سے فنڈنگ وصول کی اور بھارت نے 10 سال تک متحدہ کے سیکڑوں کارکنوں کو تربیت فراہم کی جب کہ برطانوی پولیس نے جون 2013 میں ایم کیو ایم کے ایک سینئیر رہنما کے گھر پر چھاپا مارا تھا اور اس کارروائی کے دوران دھماکا خیز مواد اور اسلحے کی فہرست ملی تھی اور فہرست میں درج اسلحہ اور رقم ممکنہ طور پر کراچی میں استعمال ہونا تھی۔