کراچی(نیوزڈیسک)کراچی کے دو مختلف علاقوں میں رینجرز کی کارروائی کے دوران مقابلے میں دس دہشت گرد ہلاک جبکہ تین رینجرز اہلکار زخمی ہو ئے ۔پاکستان رینجرز سندھ نے منگھوپیر کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ اس دوران اپنے ٹھکانوں کے قریب رینجرز کو دیکھتے ہوئے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک رینجرز ہلکار زخمی ہو گیا۔رینجرز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے ا ایس ایم جی، پستول اور خودکش جیکٹ برآمد کر لی ۔دوسری جانب منگھوپیر میں رینجرز سے مقابلے میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔رینجرز کی ٹیم نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سپرہائی وے کاٹھور کے قریب کارروائی کی تو دہشت گردوں نے رینجرز پر فائرنگ کردی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔اس دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر کچھ دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن فرار تلاش کے دوران ایک اور مقابلے میں مزید چار دہشت گرد ہلاک جبکہ دو رینجرز اہلکار زخمی ہو گئے۔ترجمان رینجرز کے مطابق سپر ہائی وے کے قریب کاٹھور کے مقام پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تو علاقے میں موجود دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا جس کے بعد رینجرز کی جانب سے جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو رمضان کے دوران صوبے میں دہشت گردی کا منصوبہ بنارہے تھے جب کہ ان کے قبضے سے ایس ایم جی ، خودکش جیکٹس اور دیگر بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ترجمان کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے منگھو پیر اور سلطان آباد میں بھی کارروائیاں کیں جس میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے۔