اسلام آباد(نیوزڈیسک)اپوزیشن نے اعلان کردیا- اپوزیشن جماعتوں نے کراچی میں شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تحریک انصاف، ایم کیوایم اور جماعت اسلامی کے ارکان نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں شدید گرمی کے دوران لوڈ شیڈںگ کے باعث لوگوں کی ہلاکتوں کی ذمہ دار حکومت ہے۔ اس لئے قومی اسمبلی میں صرف لوڈشیڈنگ کے معاملے پر ہی بات کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جمعے کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ کراچی میں بجلی نہ ہونے سے سیکڑوں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جو المیہ ہے، ایک جگہ لوگ بجلی نہ ہونے سے مررہے ہیں اور دوسری جانب میٹرو بس منصوبے پر اربوں روپے لگائے جارہے ہیں، میٹرو بہت اچھی ہوگی مگر لوگوں کی زندگیوں سے قیمتی نہیں ہے۔































