اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد ، لاہور سمیت بالائی پنجاب ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں پری مون سون کا آغاز ہوگیا ۔ مختلف علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔ کراچی میں بوندا باندی نے گرمی کی شدت میں کمی کردی ۔ روزہ داروں کی دعائیں اثر کرگئیں اور ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کے بعد کہیں تیز ہوائیں چلیں تو کہیں آندھی چلی ، کہیں رم جھم ہوئی اور کہیں ابر رحمت کھل کر برسی ۔ اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور میں ابر کرم برسا تو موسم کی رت بدل گئی ۔ شیخوپورہ ، مریدکے ، قصور ، گجرات ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، جہلم ، میانوالی ، فیصل آباد ، ساہیوال ، ڈی آئی خان ، سوات ، ہری پور اور بھمبر میں بھی بادل جم کر برسے ۔ ملتان اور لاڑکانہ میں تیز آندھی اور گرد کے طوفان سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ۔ دوسری طرف سندھ کے مختلف علاقوں میں سورج قہر برساتا رہا ۔ تپتی دھوپ اور جھلسا دینے والی لو نے روزہ داروں کو ہلکان کردیا ۔ شدید گرمی کے باعث سڑکوں اور بازاروں میں سناٹا چھایا رہا ۔ کراچی میں گرمی کا دس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا اور پارہ 45 ڈگری کو چھو گیا ۔ تاہم آج کراچی میں ہونے والی بوندا باندی نے گرمی کی شدت کو کم کردیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں سورج آگ برسائے گا ۔ حیدر آباد اور میرپور خاص ڈویژن میں کہیں کہیں آندھی اور بارش کا امکان ہے ۔
مزید پڑھئے:ایران : مردوں اور عورتوں پر لگی ایک ایسی پابندی کہ ۔۔۔۔