اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری (آج)جمعہ کواسلام آباد میں سیاسی رہنماو ں کے افطار ڈنر کی میزبانی کریں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماو ں کو افطار ڈنر کی دعوت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق زرداری ہاو س اسلام آباد میں ہونے والے افطار ڈنر میں وزیراعظم نواز شریف کو مدعو کرنے کے حوالے سے اب تک فیصلہ نہیں ہوا ہے۔پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے آصف زرداری کی جانب سے آئندہ روز کے ’افطار ڈنر‘ کی تصدیق کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افظار ڈنر کے دوران آصف علی زرداری سندھ میں جاری صورت حال اور صوبے میں رینجرز کے کردار کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے رہنماو ں کو اعتماد میں لیں گے۔دریں اثناء تحریک انصاف نے سابق صدر اصف زرداری کے افطار ڈنر میں شرکت سے انکارکرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری نے فوج پر تنقید کی اس لئے ان کے ڈنر میں نہیں جائیںگے ، نجی ٹی وی چینل کے مطابق تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی طرف سے تمام سیاسی جماعتوں کو دیئے گئے افطارڈنر میں شرکت سے انکارکردیاہے اور کہا ہے کہ آصف زرداری نے فوج پر تنقید کی جو ہمیں قبول نہیں، سابق صدر کے افطا ر ڈنر میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں کیاگیا جس میں شاہ محمود قریشی ، چوہدری سرور اوردیگر ارکان شامل تھے۔