کراچی(نیوزڈیسک)مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث یکم رمضان 19 جون بروز جمعہ کوہوگا۔رمضان المبارک کاچاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا جس میں زونل کمیٹی کے اراکین، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سمیت وزارت مذہبی امور، محکمہ موسمیات اورسپارکو کے نمائندگان نے بھی شرکت کی جب کہ اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی صوبائی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جس میں چاند سے متعلق شہادتوں کو اکٹھا کیا گیا۔اسلام آباد اور پنجاب بھرمیں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد زونل کمیٹیوں نے چاند نظر نہ آنے سے متعلق اپنے فیصلے سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جب کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر آنے کے کوئی شواہد نہیں ملے اور اس حوالے سے کوئی شہادتیں بھی موصول نہیں ہوئیں لہٰذا ملک بھر میں چاند نظر نہ آنے کے باعث یکم رمضان المبارک 19 جون بروز جمعہ کو ہوگا۔















































