لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی (ایل ٹی سی) کو لاہور کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی منصوبہ بندی، نفاذ اور ریگولیٹ کرنے کا کام سونپا گیا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ، سستی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔یہ بات منگل کے روز ایل ٹی سی کے چیئرمین خواجہ احمدحسان نے اسمارٹ فون ایپلیکیشن ‘بس دا اڈہ’ کی تقریب رونمائی کے دوران کی۔ایک اعلامیے کے مطابق خواجہ احمد حسان نے کہا کہ یہ ایپ مسافروں کو ایک کلک پر کسی بھی بس کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرے گی جبکہ اسے اپنے اسمارٹ فون پر مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔اس ایپ میں اگلی بس کے آنے کا وقت، سفر کی منصوبہ بندی، بس کا مقام، کرایوں اور روٹ کی معلومات جیسے فیچرز موجود ہیں جن سے مسافروں کا وقت بچے گا۔انہوں نے کہا کہ شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کبھی بھی منافع بخش نہیں رہی بلکہ یہ سوشل سروس ہے اور ہمارے نجی ٹراسپورٹ آپریٹرز سسٹم میں کردار ادا کررہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنا وفاقی بجٹ کی صف اول کی ترجیحات میں سے ایک ہے۔