اسلام آباد(نیوزڈیسک)پشاور میں ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی ملک طارق کی گاڑی پر خودکش حملہ ، ملک طارق سمیت سات افراد زخمی ، ڈپٹی کمانڈنٹ کے دو گن مین حملے میں شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی کی گاڑی کو حیات آباد فیز فائیو میں نشانہ بنایا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق دھماکہ موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے کیا۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس سے ڈپٹی کمانڈنٹ کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا۔ زخمیوں میں ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی ملک طارق بھی شامل ہیں جبکہ ان کے دو گن مین لال بادشاہ اور اقتدار حسین شہید ہوگئے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے سات زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں ڈپٹی کمانڈنٹ ملک طارق ، ان کا ڈرائیور ، دو گن مین ، دو شہری اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے۔ اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔ موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی جس کا وزن سات کلو گرام تک تھا۔ جائے وقوعہ سے خودکش بمبار کے اعضاءمل گئے جبکہ دیگر شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔