اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چوہدری شجاعت حسین کہتے ہیں کہ جنرل کیانی ذاتی طور پر 2013کے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی میں ملوث تھے اور وہی نواز شریف کو اقتدار میں لے کر آئے۔ملک کے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے ان خیالات کا اظہار ایک انگریزی روزنامے کوخصوصی انٹرویو میں اس سوال کے جواب میں کیا جب ان سے پوچھا گیا کہ بھلا کیوں سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں جبکہ انہوں نے آصف علی زرداری کی سرکردگی میں چلنے والی پیپلزپارٹی کی منتخب حکومت کے خلاف کبھی بغاوت بھی نہیں کی؟۔چوہدری شجاعت حسین جو کہ قائد اعظم مسلم لیگ کے صدر بھی ہیں ان چند سیاستدانوں میں سے ایک ہیںجنہیں ملک میں بہت عزت و احترام حاصل ہے کیونکہ جب وہ اقتدار میں تھے تو اس وقت انہوں نے اپنے مخالفین سمیت تمام سیاستدانوں سے تعلق استوار کیا تاکہ قومی اہمیت کے معاملات پر ان سے مشاورت کرسکیں اور اس سے بھی زیادہ اہم تنازعات کے حوالے سے ان کی مٹی پائو کی پالیسی ہے۔ہم ان کی رہائشگاہ پربیٹھے تھے اور وہ مقامی پنجابی زبان میں خاصا سوچ سمجھ کر اور مناسب وقفے سے میرے سوالات کا جواب دے رہے تھے، ان کے جواب سے مجھ پر جوشاک گزرا اس سے باہر آتے ہوئے میں نے دریافت کیا کہ وہ ایسا کیوں سوچتے ہیں کہ جنرل کیانی انتخابی دھاندلی میں ملوث تھے جبکہ دوسری جانب وکی لیکس سے افشا ہونے والے رازوں میں سے امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کے ساتھ ان کی ایک گفتگو بھی ریکارڈ پر ہے جس میں کیانی نے پیٹرسن سے کہا تھا کہ وہ زرداری کو ناپسند کرتے ہیں اور انہیں شریف پر اس بھی زیادہ بد اعتمادی ہے۔