لاہور/کراچی(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کراچی میں پیر صاحب پگاڑا پیر صبغت اللہ اور بعد ازاں ان کے ہمراہ سابق صدر جنرل پرویزمشرف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سینیٹر دلاور عباس اور حلیم عادل شیخ صدر پی ایم ایل سندھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سانحہ صفورا پر اسماعیلی برادری سے اظہار ہمدردی کیلئے کراچی آیا ہوں۔ سابق صدر پرویزمشرف اور پیر صاحب پگاڑا سے ملاقات کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد کسی کی حکومت بنانا یا گرانا نہیں بلکہ قومی سطح پر ایک ایسا اتحاد بنانا ہے جو تمام صوبوں پر محیط ہو، جس سے وفاق مضبوط ہو، ہر قسم کی بدامنی کا خاتمہ ہو اور پاکستان صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی مملکت بنے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وفاق کو مضبوط بنانے کیلئے ایک ہونا ہو گا۔ سندھ میں گورنر راج کے قیام کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ گورنرراج لگانا میرا کام نہیں۔ چودھری شجاعت حسین کا کراچی میں پاکستان مسلم لیگ کے رہنماﺅں کے علاوہ کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نے پرجوش ا ستقبال کیا اور زبردست نعرے بازی کی، ان پر پھولوں کی پتیاں برسائی گئیں۔ چودھری شجاعت نے سانحہ صفورا پر اظہار ہمدردی کیلئے اسماعیلی کمیونٹی کے رہنما سلطان الانہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے نہایت پرامن کمیونٹی کی بس پر حملے اور بے گناہ افراد کی ہلاکتوں پر افسوس اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔