اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سانحہ صفورا کے ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری ، تحقیقاتی اداروں کی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ چار گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ سے ہے۔ صفورا چورنگی میں معصوم افراد کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گردوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ تصویر میں دہشت گردوں کو موٹر سائیکلوں پر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک موٹر سائیکل پر سوار دہشتگرد شلوار قمیص میں ملبوس ہے جبکہ دوسری موٹر سائیکل پرسوار دہشت گردوں نے پینٹ شرٹ پہن رکھی ہے۔ دو موٹر سائیکلوں پر 5 دہشت گرد سوار ہیں۔ حملے کے ماسٹر مائنڈ طاہر کو 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حساس ادارے کی نشاندہی پر ملزموں کی گرفتاری سچل کے علاقے سے عمل میں آئی۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ سے ہے۔ گرفتار دہشت گردوں سے ڈیبرالوبو پر حملے کی تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے یہ ہی گروہ بوہری مسجد بم دھماکے اور سبین محمود کے قتل میں بھی ملوث ہیں ، ملزمان نے واردات کے بعد موٹر سائیکلیں ایک باڑے میں چھپا رکھی تھیں۔