اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے آئی ٹی کمپنی ایگزیکٹ کےخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع کرادی ہے اور اس اہم ایشو پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی میں آئی ٹی ایگزیکٹ کمپنی کے خلاف قرار داد جمع کرادی ہے،قرار داد کے متن کے مطابق ایگزیکٹ کمپنی کیخلاف جعلی سکینڈل منظر عام پر آنا تشویشناک ہے ،یہ ایک اہم ایشو ہے ،امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں پاکستانی کمپنی کیخلاف رپورٹس شائع ہونے سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے،ایگزیکٹ کمپنی کو کس نے لائسنس دیا ہے اور ایسی کمپنیوں کوحکومت نے کیوں چھوٹ دے رکھی ہے۔قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان میں ایگزیکٹ کمپنی کی جعلی سازی پر بحث کرائی جائے اور حکومت ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔