اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیا ہے۔ مسرت عالم بٹ کو 15اپریل کو سرینگر میں ایک عوامی اجتماع کے دوران پاکستان کے حق میںنعرے بازی اور سبز ہلالی پرچم بلند کرنے کی پاداش میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ سینئر حریت رہنما او جموںوکشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیے جانے کے بعدبڈگام تھانے سے رات کے وقت کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کیا گیا۔بھارتی پولیس کے ایک افسر نے بھی مسرت عالم بٹ پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے اور انہیں کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے۔ادھر جموںوکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان نے بھی سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ تنظیم کے کچھ رہنما جب جمعرات کی صبح بڈگام تھانے میں مسرت عالم بٹ سے ملاقات کیلئے گئے تو جیل انتظامیہ نے ان سے کہا کہ انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔مسرت عالم کو 17 اپریل کو سرینگر کے علاقے رینہ ڈار محلہ سے اپنی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھااور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے اور پاکستان کا جھڈا لہرانے پر ان کے خلاف نام نہاد غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔