جمعرات‬‮ ، 14 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

ملتان یونیورسٹی

datetime 16  جون‬‮  2015
حضرت شاہ شمسںؒ تبریز 
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملتان کی بہاﺅالدین ذکریا یونیورسٹی 1975ءمیں قائم ہوئی‘ یہ پہلے یونیورسٹی آف ملتان تھی‘ 1979ءمیں نام تبدیل کر کے اسے حضرت بہاﺅالدین ذکریا ملتانی سے منسوب کر دیا گیا‘ پروفیسر ڈاکٹر خواجہ علقمہ آج کل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ہیں‘ یہ ماہر تعلیم بھی ہیں‘ علم پرور بھی ہیں اور یہ یمن میں پاکستان کے سفیر بھی رہے‘ یہ صاحب مطالعہ ہیں‘ یہ دنیا بھرسے کتابیں منگواتے ہیں‘ خود بھی پڑھتے ہیں اور دوستوں کو بھی بھجواتے ہیں‘ ڈاکٹر صاحب نے یونیورسٹی آنے کی بے شمار دعوتیں دیں لیکن وقت نے یاوری نہ کی‘ جون میں میرے دوست ڈاکٹر محمد شہزاد نے یونیورسٹی کے ”شعبہ فاصلاتی تعلیم“ کے سربراہ ڈاکٹر اسحاق فانی سے وعدہ کر لیا‘ ڈاکٹر شہزاد میرے بہاولپور کے زمانے کے دوست ہیں‘ یہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ صحافت میں پڑھاتے ہیں‘ میں ڈاکٹر شہزاد کے حکم پر ملتان پہنچ گیا‘ ڈاکٹر علقمہ نے یونیورسٹی کی بہبود کےلئے بہت کام کیا‘ صرف فاصلاتی تعلیم کے شعبے نے ایک ارب روپے کا ریونیو جمع کیا‘ فاصلاتی تعلیم کی نئی عمارت بن رہی ہے‘ یہ ملتان کی خوبصورت ترین عمارت ہو گی‘ میں شعبے کی زیر تعمیر لائبریری دیکھ کر حیران رہ گیا‘ ملک میں شاید ہی اس معیار کی کوئی دوسری لائبریری ہو‘ لوگ خواجہ علقمہ کے خلاف ہیں‘ یہ ان کی وہ خوبی ہے جس کی وجہ سے میں ان کا زیادہ احترام کرتا ہوں‘ میں نے وقت سے سیکھا‘ ہمارے ملک میں جو شخص کام کرے گا لوگ اس کی مخالفت کریں گے‘ آپ آج کام شروع کر دیں‘ لوگ کل آپ کے راستے میں کھڑے ہو جائیں گے‘ کیوں؟ کیونکہ ہمارے ملک میں اہلیت اور پرفارمنس دونوں جرم ہیں‘ آپ پوری زندگی سرکار کے داماد بنے رہیں‘ آپ تنخواہ لیں‘ مراعات انجوائے کریں اور پوری زندگی تنکا دوہرا نہ کریں‘ آپ کو پورا معاشرہ ایماندار بھی کہے گا‘ درویش بھی اور نیک بھی لیکن آپ نے جس دن ٹھہرے پانی کے گندے جوہڑ میں ایفی شینسی کا کنکر پھینک دیا‘ آپ نے گرتی عمارتوں پر سفیدی شروع کر دی یا آپ نے نکاسی آب کےلئے نالیاں سیدھی کرنا شروع کر دیں یا پھر آپ نے درختوں کے تنوں پر چونا پھیرنا شروع کر دیا لوگ فوراً ڈنڈے لے کر باہر آجائیں گے‘ یہ آپ کا جینا حرام کر دیں گے‘ میاں شہباز شریف کا المیہ کیا ہے؟ پنجاب میں 68 سال سے بجٹ بن رہے ہیں‘ ان بجٹوں میں ترقیاتی فنڈز بھی رکھے جاتے ہیں مگر حکومتیں یہ ترقیاتی فنڈز ایم پی ایز اور ایم این ایز میں تقسیم کر دیتی تھیں اور ہمارے معزز پارلیمنٹیرینز یہ فنڈ کھا جاتے تھے‘ قوم نے کبھی اعتراض نہیں کیا لیکن میاں شہباز شریف نے یہ فنڈز باقاعدہ خرچ کر دیئے‘ لاہور اور راولپنڈی میں میٹروز بنا دیں‘ ملتان میں میٹرو شروع کر دی ‘ پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی سڑکیں‘ پل اور انڈر پاسز بنا دیئے چنانچہ لوگ اب ان کے خلاف ہیں‘ آپ دوسرے صوبوں کو دیکھ لیجئے ‘سندھ‘ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے وزراءاعلیٰ کے پاس بھی ترقیاتی بجٹ ہیں‘ یہ ترقیاتی کام نہیں کر رہے‘ یہ سڑکیں‘ پل اور میٹرو نہیں بنا رہے‘ یہ ہر سال اپنے ترقیاتی فنڈز ضائع کر دیتے ہیں مگر ان سے کوئی نہیں پوچھ رہا‘ ملک کا کوئی شہری یہ سوال نہیں پوچھ رہا‘ آپ نے میٹرو بنائی اور نہ ہی آکسفورڈ جیسی یونیورسٹی کی بنیاد رکھی پھر پیسہ کہاں چلا گیا؟ کیوں؟ کیونکہ ہم صرف کام کرنے والوں کی مخالفت کرتے ہیں‘ہم صرف کام کرنے والوں سے حساب مانگتے ہیں‘ پنجاب نے اس سال تعلیم کےلئے 310 ارب روپے کی رقم رکھی‘ یہ کل بجٹ کا 27 فیصد بنتا ہے‘ ہمیں یہ بجٹ نظر نہیں آئے گا لیکن ہم میٹرو کے 48 ارب روپے کے پیچھے ڈنڈا لے کر بھاگتے رہیں گے‘ کیوں؟ کیونکہ ہم ترقی اور کام دونوں کے خلاف ہیں‘ میٹرو نہ بنتی‘ یہ سرمایہ سیاستدان کھا جاتے تو ٹھیک تھا‘ میٹرو بن گئی‘ یہ سرمایہ عام آدمی کی سہولت پر خرچ ہو گیا‘ یہ برا ہے‘ خواجہ علقمہ کے ساتھ بھی یقینا یہی ہوا ہو گا‘ یہ بھی کام کرنے کی غلطی کر بیٹھے ہوں گے اور لوگوں کو ان کی یہ حرکت پسند نہیں آئی ہو گی چنانچہ لوگ ان کی مخالفت بھی کر رہے ہیں‘ یہ جس دن چلے جائیں گے اور ان کی جگہ سرکار کا کوئی داماد آ جائے گا اور یہ داماد ریٹائرمنٹ تک کسی پودے تک کو پانی نہیں دے گا تو لوگ خوش رہیں گے‘ لوگ یقینا فاصلاتی تعلیم کے شعبے کی مخالفت بھی کر رہے ہوں گے‘ کیوں؟ کیونکہ یہ شعبہ یونیورسٹی کو کما کر دے رہا ہو گا‘ یہ یونیورسٹی کے ریونیو میں اضافہ کر رہا ہو گا اور ہمارے خطے میں ہمیشہ کماﺅ پوت کو جوتے پڑتے ہیں‘ نکھٹو پوری زندگی چار پائیاں اور روٹیاں توڑتے ہیں مگر اس کے باوجود بے چارے‘ شہدے اور لاڈلے کہلاتے ہیں۔
میرا یونیورسٹی میں لیکچر تھا‘ اساتذہ اور طالب علم دونوں سوالوں سے لبالب بھرے تھے‘ یہ سیشن تین گھنٹے جاری رہا‘ میں نے اور شرکاءدونوں نے انجواءے کیا‘ یونیورسٹی میں لاہور کیمپس کے مستقبل کے بارے میں بھی خوف پایا جاتا تھا‘ یہ کیمپس لاہور کے صنعت کار منیر بھٹی نے پنجاب حکومت اور یونیورسٹی سے باقاعدہ فرنچائز لے کر قائم کیا‘ پندرہ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی‘ جدید ترین لیکچر تھیٹر اور کیمپس بنایا لیکن منیر بھٹی اور کیمپس دونوں سسٹم کے فٹ بال بن چکے ہیں‘ پانچ ہزار طالب علم ہیں‘ ان کا مستقبل کیا ہے؟ کوئی نہیں جانتا‘ ملک میں ایک طرف صنعت کاروں اور بزنس مینوں کو تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جاتی ہے‘ یونیورسٹیوں کو اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کا حکم بھی دیا جاتا ہے لیکن اگر کوئی یونیورسٹی یا کوئی سرمایہ کار یہ حرکت کر بیٹھے تو وہ ذلیل ہو کر رہ جاتا ہے‘ ہماری ریاست اتنی کنفیوژ کیوں ہے؟ یہ ایک ہی بار کوئی ٹھوس فارمولہ کیوں نہیں بنا دیتی‘ آپ فارمولہ بنائیں اور سرمایہ کاروں کےلئے اوپن کر دیں تا کہ کوئی ابہام ہی نہ رہے‘ کرپشن ہو‘ بے قاعدگی ہو تو مجرموں کو پکڑیں اور سزا دیں‘ آپ گھسیٹتے کیوں ہیں؟ آپ وقت کیوں ضائع کرتے ہیں؟ وقت ضائع کرنے اور گھسیٹنے سے مجرم بچ جاتے ہیں لیکن ادارے تباہ ہو جاتے ہیں‘ آپ مجرموں کو سزا دیں اور ادارے بچائیں‘ ملک ترقی کرے گا ورنہ دوسری صورت میں ادارے ختم ہو جائیں گے‘ ملک روانڈا بن جائے گا اور مجرم اسلامی جمہوریہ روانڈا کی گلیوں میں دندناتے پھریں گے‘ کیا ہم یہ چاہتے ہیں؟ اگر ہاں تو پھر وہ وقت دور نہیں۔
آپ دنیا کی بڑی ایجادات کا پروفائل نکال کر دیکھئے‘ آپ یہ دیکھ کر حیران رہ جائیں گے‘ دنیا کی زیادہ تر ایجادات یونیورسٹیوں میں ہوئیں اور پروفیسروں نے کیں‘ آپ آکسفورڈ‘ کیمبرج اور ہارورڈ یونیورسٹیوں کی ایجادات کی فہرست نکالیں‘ آپ ان کے نوبل انعام یافتہ سائنس دانوں کا پروفائل بھی نکالئے‘ آپ کو یہ یونیورسٹیاں اور ان کے پروفیسر انسانیت کے محسن نظر آئیں گے جبکہ ان کے مقابلے میں ہماری یونیورسٹیاں ڈگریاں دینے کے سوا کچھ نہیں کر رہیں‘ پاکستان میں 80سے زائد انجینئرنگ یونیورسٹیاں اور ٹیکنیکل ادارے ہیں لیکن ملک کسی شعبے کی کوئی ایک مشین پروڈیوس نہیں کر رہا‘ ہماری انجینئرنگ یونیورسٹیوں کی لیبارٹریوں کے آلات تک باہر سے آتے ہیں‘ ملک 20 سال سے لوڈ شیڈنگ کا شکار ہے مگر ہماری کسی یونیورسٹی نے بجلی کی پیداوار پر کام کیا‘ کسی ادارے نے لوڈشیڈنگ کےلئے کوئی فارمولا نہیں بنایا‘ ملک کی مدد کرنا تو دور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے اور یہ لوگ امپورٹیڈ جنریٹر استعمال کرتے ہیں‘ یونیورسٹیوں کے جنریٹر خراب ہو جائیں تو یہ لوگ ”ری پیئرنگ“ کےلئے مارکیٹ سے ان پڑھ مستری یونیورسٹی بلاتے ہیں‘کیوں؟ آپ ملک میں کوئی ایسی یونیورسٹی بتائیے جس نے کم از کم اپنے لئے بجلی پیدا کر لی ہو‘ ہم تو سولر ٹیوب ویل بھی چین کا استعمال کررہے ہیں‘ ہمیں پھر ان یونیورسٹیوں کی کیا ضرورت ہے؟ ملک دہشت گردی کا شکار ہے‘ ہم اب تک 60ہزار لاشیں اٹھا چکے ہیں لیکن کیا ہماری کسی یونیورسٹی نے ملک کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے کوئی فارمولہ دیا؟ہمارے کسی ادارے نے ملک اور عام لوگوں کی سیفٹی کے لیے کوئی سسٹم بنایا؟راولپنڈی میں7جون کو پولیس نے دوبھائیوںذیشان اور شکیل کو چیک پوسٹ پر نہ رکنے کے جرم پر گولی مار دی ‘ ملک میں اس نوعیت کے بیسیوں واقعات ہو چکے ہیں‘ ہمار ی یونیورسٹیاں پولیس کو ایسی چیک پوسٹ ڈیزائن کر کے دے سکتی تھیں جس پر پہنچ کر ہر شخص رکنے پر مجبور ہو جائے اور پولیس دور بیٹھ کر گزرنے والوں کو مانیٹر کرتی رہے لیکن کیا ہماری کسی یونیورسٹی نے یہ” اینی شیٹو“ لیا؟ آپ بتائیے ہمارے کسی تعلیمی ادارے نے کوئی سیفٹی بیلٹ بنائی ہو‘ ہم نے کوئی تعمیراتی مٹیریل بنایا ہو‘ہم نے کوئی بوٹ پالش ہی ایجاد کرلی ہو یا ملک کے 94 میڈیکل کالجوں نے کسی معمولی مرض کی کوئی دوا ایجاد کر لی ہو؟ اگر نہیں تو پھر ہمارے یونیورسٹیاں کرتی کیا ہیں؟ اس کا حساب کون لے گا؟ احسن اقبال منصوبہ بندی کے وزیر ہیں‘ میری ان سے درخواست ہے‘ آپ ملک کے بیس بڑے مسائل کی فہرست بنائیں اور یونیورسٹیوں کو ان مسائل کے حل تلاش کی ذمہ داری سونپ دیں ‘ دوسرا آپ یونیورسٹیوں کو ٹاسک دیں‘ یہ پانچ سال کے اندر اندر مالی لحاظ سے بھی خود کفیل ہوں اور یہ اپنے استعمال کےلئے بجلی ‘ گیس اور پانی بھی پیدا کریں‘ تیسرا ہماری یونیورسٹیاں تعمیراتی لحاظ سے بد صورت ہیں‘ عمارتوں میں حس جمال نظر نہیں آتی‘ حکومت یونیورسٹیوں کو پابند کرے‘ یہ یونیورسٹی میں آرکی ٹیکچر ڈیپارٹمنٹس بنائیں‘ اس سے عمارتوں کی ری ڈیزائننگ کرائیں اور سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے ان کی تعمیر کروائیں‘ یونیورسٹیوں میں ہوٹل مینجمنٹ کے ڈیپارٹمنٹس بھی بنائے جائیں‘ یہ ڈیپارٹمنٹس یونیورسٹی کے کیفے ٹیریاز بھی چلائیں اور تمام ڈیپارٹمنٹس کے چپڑاسیوں کو چائے اور پانی سرو کرنے کا ڈھنگ بھی سکھائیں‘ یہ کتنے افسوس کی بات ہے ‘ یونیورسٹی ہو اور اس میں بجلی ہو اور نہ ہی پانی‘واش روم گندے ہوں‘ چائے کے برتن ٹوٹے ہوئے ہوں اورچپڑاسی فرش پر سلیپر گھسیٹ رہے ہوں‘ کیا یہ زیادتی نہیں‘ یہ ادارے قوم کی خدمت کےلئے بنائے گئے ہیں‘ قوم ان اداروں کو پالنے کےلئے نہیں بنی……..لیکن ملتان یونیورسٹی کا ماحول قدرے بہتر تھا‘ خواجہ علقمہ کام کر رہے ہیں اور جی بھر کر کام کرنے کا نقصان بھی اٹھا رہے ہیں۔



کالم



23 سال


قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

ملک کا واحد سیاست دان

میاں نواز شریف 2018ء کے الیکشن کے بعد خاموش ہو کر…

گیم آف تھرونز

گیم آف تھرونز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے…