جمعہ‬‮ ، 27 دسمبر‬‮ 2024 

زوال پرستی

datetime 7  جون‬‮  2015
حضرت شاہ شمسںؒ تبریز 
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہم اب آتے ہیں تعلیم کی طرف‘ ہمارے خطے میں تعلیم کے چار ادوار گزرے ہیں‘ پہلا دور سلاطین کا زمانہ تھا‘ وہ تعلیم کا ایک مشکل اور مہنگا زمانہ تھا‘ ہندوستان میں سکولز اورمدارس نہیں تھے‘ شاہی خاندان اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے سنٹرل ایشیا‘ایران‘ ترکی‘ عراق اور شام سے اساتذہ امپورٹ کرتے تھے‘ یہ لوگ مختلف علوم کے ماہر ہوتے تھے‘ بادشاہ انہیں لمبے چوڑے معاوضے اور مراعات کا لالچ دے کر ہندوستان بلواتے تھے‘ یہ لوگ دہلی اور آگرہ میں بس جاتے تھے‘ بادشاہ ان کیلئے الگ محلے بنواتے تھے‘ ان کیلئے وظیفہ طے کیا جاتا تھا اور ان کو مستقلاً ہندوستان میں رکھنے کیلئے ان کی اعلیٰ خاندانوں میں شادیاں کرا دی جاتی تھیں‘ یہ لوگ بعد ازاں شاہی اور رئیس خاندان کے بچوں کو تعلیم دیتے تھے‘ بادشاہوں کی دیکھا دیکھی ہندوستان کے مختلف راجوں‘ مہاراجوں اور صوبیداروں نے بھی یہ بندوبست کر لیا‘ یہ بھی اساتذہ اور اتالیق درآمد کرکے اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرا لیتے تھے‘ یہ ایک طریقہ تھا‘ دوسرا طریقہ صوفیاء کرام اور رحم دل اساتذہ کا وضع کردہ تھا‘ اساتذہ دوسرے خطوں سے ہندوستان آتے اور مختلف علاقوں کے اہل ثروت کی مدد سے مختلف شہروں میں اپنی درس گاہیں بنا لیتے‘ صوفیاء کرام بھی اپنی درگاہوں پر درس و تدریس کا انتظام کرتے تھے‘علم کے طالب دور دور سے ان درس گاہوں اور درگاہوں پر آتے اور جہاں تک ممکن ہوتا تعلیم حاصل کرتے‘ یہ تعلیم حاصل کرنے کا محدود اور کم یاب طریقہ تھا‘ آپ ہندوستان کے مختلف مفتی‘ مولانا ‘ سید اور مرزا فیملیز کے پروفائل نکالیں‘ آپ یہ دیکھ کر حیران رہ جائیں گے‘ ان کے آباؤ اجداد وہ اتالیق تھے جوماضی میں ہندوستان آئے اور یہاں آ کر رچ بس گئے‘ یہ لوگ آہستہ آہستہ خاندان بنتے چلے گئے‘ سلاطین اور مغلوں کے زمانے میں تعلیم عام کیوں نہیں تھی؟ اس کی دو وجوہات تھیں‘ پہلی وجہ ہندوستان کے حکمران تھے‘ یہ لوگ فوجی تھے‘ یہ ملک کو فتح کرنے آتے تھے اور ملکوں کو فتح کرنے والے لوگ ریفارمز نہیں کیا کرتے‘ دوسری وجہ انفراسٹرکچر یا رسل و رسائل کے ذرائع کی کمی تھی‘ استاد کس سڑک پر سفر کر کے دور دراز علاقوں کے طالب علموں کو تعلیم دینے آتے اور شاگرد کس بس‘ کس ریل گاڑی پربیٹھ کر درس گاہ تک جاتے؟ چنانچہ استاد اور شاگرد دونوں محتاج تھے اور اس محتاجی نے ہزاروں سال تک اس خطے کو تعلیم سے دور رکھا۔
ہندوستان میں تعلیم کا دوسرا دور انگریز کا زمانہ تھا‘ انگریز نے 1857ء کی جنگ کے بعد ہندوستان میں سڑک‘ پل‘ ریل‘ ٹیلی فون اور ٹیلی گراف کا نیٹ ورک بچھایا‘ یہ انفرا سٹرکچر جہاں جہاں پہنچا وہاں مشنری اور سرکاری سکول اور کالج بنے‘ آپ ہندوستان کے تمام پرانے تعلیمی اداروں کی ہسٹری نکال کر دیکھئے‘ آپ کو یہ تمام ادارے سڑک کی تعمیر کے بعد بنتے نظر آئیں گے‘ آپ یونیورسٹیوں کی تاریخ بھی نکال لیجئے‘ ہندوستان کی تمام یونیورسٹیاں ریلوے کے بعد بنیں اور یہ ریلوے سٹیشن کے قریب تھیں‘ آپ برصغیر کے وہ علاقے بھی سرچ کیجئے جو انگریز کے دور میں تعلیم میں باقی ہندوستان سے پیچھے رہ گئے‘ آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے‘ انگریز ان علاقوں میں سڑک اور ریل نہیں بنا سکا تھا چنانچہ ریل اور سڑک کی کمی ان علاقوں کے عوام کو تعلیم سے دور لے گئی‘ انگریز کی دیکھا دیکھی ہندوؤں‘ سکھوں اور مسلمانوں نے بھی جدید تعلیم کے ادارے بنائے‘ آپ پاٹ شالوں کی ہسٹری نکال کر دیکھ لیجئے یا خالصہ سکولوں اور کالجوں کی ہسٹری یا پھر علی گڑھ یونیورسٹی اور سندھ مدرسہ کی ہسٹری‘ آپ کو یہ سکول‘ کالج اور یونیورسٹیاں بھی بڑی شاہراہوں اور ریلوے سٹیشنوں کے گرد بنتی نظر آئیں گی‘ کیوں؟ کیونکہ سڑک اور ریل دو ایسے بڑے ذرائع تھے جن کے ذریعے اہل اساتذہ اور تعلیم کے طلب گار شاگرد تعلیمی اداروں تک پہنچ سکتے تھے‘ آپ یقین کیجئے اگر انگریز ہندوستان میں انفراسٹرکچر پر توجہ نہ دیتا تو ہندوستان میں تعلیم کی حالت آج بھی مغلیہ دور سے بہتر نہ ہوتی‘ یہ سڑک اور ریل تھی جس نے ہندوستان کے عام شہری پر تعلیم کے دروازے کھولے اور یہ علم کی روشنی سے بہرہ مند ہوا۔
ہم اب پاکستان کے دور میں داخل ہوتے ہیں‘ ایوب خان ملک کے پہلے حکمران تھے جنہوں نے انفراسٹرکچر پر توجہ دی‘ ایوب دور میں سڑکیں چھوٹے قصبات اور دیہات تک گئیں‘ ریڈیو کے سٹیشنز میں اضافہ ہوا‘ ٹیلی ویژن آیا‘ فون لگا اور ریلوے کے لوکل روٹس شروع ہوئے‘ یہ نعمتیں جہاں جہاں گئیں وہاں وہاں نئے تعلیمی ادارے بنے‘ آپ ایوب دور سے پہلے کا ڈیٹا نکال لیجئے اور آپ ایوب دور کے بعد تعلیمی اداروں کی تعداد دیکھ لیجئے‘ آپ کو ایک اوردس کا فرق ملے گا‘ ملک میں تعلیمی اداروں میں دس گناہ اضافہ کیسے ہوا؟ اس کی وجہ بھی انفراسٹرکچر تھی‘ سڑک آئی تو سکول بھی کھلا‘ سکول کھلا تو بچے کا لج بھی پہنچے اور یہ کالج آئے تو انہیں یونیورسٹی کی ضرورت بھی پڑی اور سڑکیں اور ریلوے ان کی یہ ضرورتیں پوری کرتے رہے‘ یہ خطے میں تعلیم کا تیسرا دور تھا‘ ملک کا چوتھا دور ذوالفقار علی بھٹو کا زمانہ تھا‘ بھٹو صاحب نے ملک کے تمام تعلیمی ادارے بھی قومیا لئے اور طالب علموں کا سفر بھی مفت کر دیا‘ یہ دونوں فیصلے ملک میں تعلیمی انقلاب کی بنیاد بنے‘بھٹو صاحب سے قبل تعلیم پرائیویٹ تھی‘ طالب علموں کو بھاری فیس ادا کرنا پڑتی تھی‘ شہر یا قصبے کے طالب علم ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی وجہ سے بھی تعلیم کیلئے دوسرے شہروں میں نہیں جا سکتے تھے چنانچہ اس دور میں 90 فیصد طالب علموں کی تعلیم پرائمری کے بعد وہاں ختم ہو جاتی تھی جہاں انہیں مڈل اور ہائی سکول اور کالج کی فیس ادا کرنا پڑتی تھی یا روزانہ بس اور ریل کا کرایہ دینا پڑتا تھا‘ آپ بھٹو صاحب کے زمانے کے اعداد وشمار نکال کر دیکھ لیجئے‘ آپ کو ایوب خان اور بھٹو کے دور میں زمین آسمان کا فرق ملے گا‘ بھٹو صاحب کے ان دو اقدامات نے ملک میں کالج اور یونیورسٹی پہنچنے والے طالب علموں کی تعداد میں بیس گنا اضافہ کر دیا‘ آپ کو آج چالیس سال سے اوپر جتنے گریجوایٹ یا پوسٹ گریجوایٹ ملتے ہیں ان میں سے نوے فیصد لوگ بھٹو صاحب کی مہربانی ہیں‘ بھٹو صاحب یہ دو فیصلے نہ کرتے تو شاید یہ لوگ کالج اور یونیورسٹی کا منہ نہ دیکھ پاتے‘ آپ ملک کے کسی گاؤں اور قصبے کا پروفائل بھی نکال لیجئے‘ آپ کو اس گاؤں اور قصبے میں بھٹو صاحب کے دور میں جتنے گریجوایٹ ملیں گے‘ اتنے آپ کو ماضی میں نظر نہیں آئیں گے‘ گو بھٹو صاحب کے ان فیصلوں نے ملک کوچند سماجی نقصان بھی پہنچائے‘ ان میں تعلیم کا پست معیار اور طالب علموں کی بدمعاشی شامل ہیں لیکن فائدے بہرحال زیادہ تھے۔
ہم اگر ٹھنڈے دل ودماغ سے سوچیں تو ہمیں سڑک‘ ریل اور میٹرو کا تعلیم سے گہرا تعلق ملے گا‘ برطانیہ میں 1096ء میں آکسفورڈ اور 1209ء میں کیمبرج یونیورسٹی بنی‘ امریکا میں 1636ء میں ہارورڈ یونیورسٹی بنی‘ اٹلی میں یونیورسٹی آف بولونا1088ء اور فرانس میں یونیورسٹی آف پیرس1160ء میں بنی‘ یہ یونیورسٹیاں اس سے پہلے کیوں نہیں بنیں؟ کیونکہ اس سے قبل سڑک نہیں تھی‘ کیونکہ اس سے قبل امریکا میں ریلوے بھی نہیں تھا‘ آپ آج آکسفورڈ اور کیمبرج کا سڑک اور ریل سے رابطہ توڑ دیں‘ آپ آج لندن اورپیرس کی انڈر گراؤنڈ ٹرینیں بند کر دیں آپ اس کے بعد کیمبرج اور آکسفورڈ کا معیار بھی دیکھ لیجئے گا اورآپ لندن اور پیرس کی تعلیمی شرح بھی ملاحظہ کر لیجئے گا‘ معاشروں کو علم اور کام دونوں کیلئے ٹرانسپورٹ کا سستا ذریعہ چاہیے‘ آپ کے ملک میں اگر سڑکیں نہیں ہوں گی‘ ریلوے نہیں ہو گا اور پبلک ٹرانسپورٹ نہیں ہوگی تو تعلیم بھی نہیں ہو گی‘ منڈیاں بھی نہیں ہوں گی اور بازار اور کارخانے بھی نہیں ہوں گے‘ آپ کسی دن اپنی سڑکیں‘اپنی ریلوے بند کر دیں اور اس کے بعد تعلیمی اداروں‘ دفتروں اور کارخانوں میں حاضری دیکھیں؟ آپ افغانستان اور افریقہ کے ملکوں کا تعلیمی اور معاشی ڈیٹا بھی نکال کر دیکھ لیجئے‘آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی افغانستان میں افغان روس جنگ کے دوران بھی کالج اوریونیورسٹیاں کھلی رہیں‘ طالبان دنیاوی تعلیم کے خلاف تھے لیکن وہ بھی زیادہ دیر تک تعلیمی ادارے بند نہ رکھ سکے‘ملاعمر کے زمانے میں بھی سکول ‘کالج اور افغانستان کی دو یونیورسٹیاں کھلی رہیں لیکن پھر افغانستان کا نظام تعلیم کیوں زوال پذیر ہوا؟ افغانستان کے تعلیمی اداروں نے جنگ کے زمانوں میں اچھے طالب علم پیدا کیوں نہیں کئے؟جواب واضح ہے‘ افغانستان میں 1970ء سے لے کر 2002ء تک تعلیمی ادارے توکھلے تھے لیکن سٹرکیں معطل تھیں چنانچہ استاد پہنچ سکے اور نہ ہی طالب علم اور یوں علم افغانستان میں فوت ہو گیا‘آپ آج افغانستان میں تعلیم کا معیار دیکھ لیجئے ‘آپ تازہ ترین ڈیٹا دیکھئے ‘آپ افغان طالب علموں کا معیار تعلیم دیکھئے ‘آپ حیران رہ جائیں گے‘کیوں؟ کیونکہ آج افغانستان کی سٹرکیں بحال ہیں‘ حکومت طالب علموں کو سستی ٹرانسپورٹ بھی فراہم کر رہی ہے لہٰذاافغانستان میں تعلیم ترقی کر رہی ہے ‘ آپ اپنے سامنے افریقہ کانقشہ بچھائیں اور ساؤتھ افریقہ کو دیکھیں ‘ جنوبی افریقہ کے گردنمیبیا‘ بوٹسوانا‘ زمبابوے‘ موزمبیق اور سوازی لینڈہیں ‘ آپ پھر جنوبی افریقہ اور اس کے ان پانچ ہمسایہ ممالک کی تعلیم کا ڈیٹا نکالئے‘ آپ کو زمین آسمان کا فرق ملے گا‘کیوں؟ کیونکہ انگریز نے انیسویں صد ی کے آخری میں جنوبی افریقہ میں سڑکیں‘ ریلوے اور ملک کے پانچ بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بنا دیا تھا چنانچہ جنوبی افریقہ میں علم کا انقلاب آگیا‘ نیلسن منڈیلا تک اس انقلاب کی پیداوار ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ہمسایہ ممالک میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت نہیں تھی‘ یہ انفراسڑکچر سے محروم تھے لہٰذا یہ جنوبی افریقہ سے پیچھے رہ گئے۔
میری پاکستان کی صوبائی حکومت سے درخواست ہے آپ انفراسٹرکچر پر توجہ دیں‘ آپ جلد سے جلد بڑے شہروں میں میٹروسروسز شروع کریں تا کہ لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت ملے‘یہ سہولت تعلیم میں بھی اضافہ کرے گی اور روز گار میں بھی‘ میری حکومتوں سے یہ بھی درخواست ہے‘ آپ بڑے شہروں کے مضافات میں ’’ایجوکیشنل سٹی‘‘ آباد کریں‘ آپ ملک کی بڑی یونیورسٹیوں ‘کالجوں اور سکولوں کو وہاں بڑے بڑے پلاٹس دیں‘ آپ ان اداروں کو سرکاری امداد اور قرضے دے کر ان کے کیمپس تیار کروائیں اور پھر ان کیمپس کو میٹرو سروس سے جوڑ دیں‘ یہ رابطہ ملک میں تعلیمی انقلاب لے آئے گا‘ میری میاں شہباز شریف سے بھی درخواست ہے‘ آپ لاہور ‘ راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کا جائزہ لے کر صبح اور سہ پہر کے وقت طالب علموں کے لیے خصوصی میٹرو بسیں چلوادیں‘ ان سٹوڈنٹ بسوں کا رنگ عام بسوں سے مختلف ہونا چاہیے اور ان کے سٹاپ بھی تعلیمی اداروں کے مطابق ہونے چاہئیں‘ حکومت کو اگر اس بندوبست کے لیے چند نئی سٹرکیں اور چند نئے سٹاپ بھی بنوانا پڑیں تو اس میں کوئی حرج نہیں کیونکہ یہ انتظام طالب علموں کے لیے مفید ہو گا‘ میری میاں شہباز شریف سے یہ بھی درخواست ہے ‘ آپ جب میٹرو کے ذریعے راولپنڈی اور لاہور کے پرانے شہروں میں داخل ہوتے ہیں تو آپ کو دور دور تک بے ترتیب ‘گندی اور ٹوٹی چھتیں نظر آتی ہیں ‘ یہ مناظر مسافروں کی حس جمال پر گراں گزرتے ہیں‘ حکومت اگر چھتوں کو کمرشل ڈکلیئر کرکے انہیں سائن بورڈز کے لیے وقف کر دے تو مکینوں کا بھی بھلا ہو گا اور حس جمال اور حسن ذوق کی عزت بھی رہ جائے گی اور ہم عوام کو یہ بھی ذہن میں رکھنا چاہیے ملک میں درجنوں لیڈر اور درجنوں حکومتیں آئیں‘ وہ حکومتیں اور وہ لیڈر قوم کے اربوں روپے کھا گئے لیکن قوم نے کوئی اعتراض نہیں کیا‘ آج اگر قوم کا سرمایہ قوم پر لگ رہا ہے تو اعتراضات کیوں اٹھائے جارہے ہیں ‘ ملک میں جب میٹرو نہیں تھی تو کتنے سکول‘ کالج اور ہسپتال بن گئے اور حکمرانوں نے مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے پر کتنا سرمایہ لگا دیا ؟ ہم نے کبھی سوچا؟ہم نے نہیں سوچا کیونکہ ہم ایک زوال پرست قوم ہیں اور زوال پرست قومیں سرمایہ ضائع کرنے پر سوال نہیں اٹھایا کرتیں‘ یہ ترقی کے عمل پر سرمایہ لگانے پر اعتراض کیا کرتی ہیں اور ہم یہ کام جی جان سے کر رہے ہیں۔



کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…