اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) اس سال رمضان المبارک شدید گرمی کے موسم میں آیا ہے اس لیے صحت کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے ۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس بار 16 گھنٹے سے زیادہ دورانیہ کا روزہ ہے ، لہٰذا روزہ دار اپنی خوراک کا خاص خیال رکھیں ۔افطار میں پروٹین ، کاربوہائیڈریٹ اور ریشہ سے بھرپور غذا لیں لیکن تلی ہوئی مرغن غذائوں کے استعمال سے پرہیز کریں ۔ پھلوں کا زیادہ استعمال کریں ، کولڈ ڈرنکس کے بجائے آم اور کھجور کے ملک شیک پیئیں ۔
ڈاکٹرز کے مطابق سحری میں پروٹین سے بھرپور غذا لینی چاہیے جس سے دن بھر بھوک اور کمزوری محسوس نہ ہو ۔ تیل اور زیادہ مصالحوں والے سالن سے پرہیز کرنا چاہیئے ۔ ہری سبزیاں غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں اس لیے سبزیوں کے استعمال سے جسم کو توانائی ملتی ہے ۔ماہرین صحت کہتے ہیں کہ ماہ مقدس میں لذت اور ذائقے سے بھرپور پکوانوں سے ضرور لطف اندوز ہوں مگر احتیاط لازم ہے تاکہ بیماریوں سے بروقت بچا جاسکے ۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں کھانے میں احتیاط اور اعتدال رکھیں تو یہ مہینہ اچھا گزر سکتا ہے ۔